نئی دہلی27فروری(ایس او نیوز) مرکزی حکومت نے بدھ کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ پلوامہ حملوں کے بعد فی الحال ملک میں کشمیری طلبا کے ساتھ تشدد کی کوئی واردات نہیں ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی بینچ جس کی قیادت جسٹس رنجن گوگوئی کررہے تھے، مرکزی حکومت سمیت ریاستی سرکاروں سے پلوامہ حملے کے بعد کشمیری طلبا پر ہورہے تشدد کے واقعات کے بعد جواب طلب کیا تھا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے داخل کی گئی پیٹیشن پر عدالت نے فی الحال کوئی سنوائی نہیں کی ہے۔
سپریم کورٹ نے اب ریاستی حکومتوں کو ایک ہفتے کے اندر جواب داخل کرنے کے لئے کہا ہے۔پچھلی سماعت میں عدالت نے مرکز اور دس ریاستوں کو نوٹس جاری کرکے جواب مانگا تھا۔کورٹ نے تمام ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں اور ڈی جی پی کو ایسے واقعات روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تھی۔مرکز کی فہرست کے مطابق نوڈل افسروں سے ایسے واقعات کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے کے ہدایات جاری کئے گئے تھے۔